ڈھاکہ31جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بنگلہ دیش نے ہمسایہ ملک میانمار سے آنے والے ہزارہا روہنگیا مسلمان مہاجرین کو ایک ایسے ویران جزیرے پر آباد کرنے کافیصلہ کیا ہے، جو انسانوں کے رہنے کے لیے مناسب نہیں اور جہاں ہمیشہ سیلاب کا خطرہ رہتا ہے۔نیوزایجنسی اے ایف پی کے مطابق تمام تر انتباہات کے باوجود ڈھاکا حکومت روہنگیا مسلمانوں کو اِس دُور دراز جزیرے پر بسانے کے متنازعہ فیصلے کوعملی شکل دینے کا عزم کیے ہوئے ہے۔ بتایاگیاہے کہ حکومت نے اس سلسلے میں ساحلی اضلاع کے حکام پرمشتمل ایک کمیٹی بنا دی ہے۔ ساتھ ساتھ سرکاری اہلکاروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ میانمار کے غیر رجسٹر شُدہ شہریوں کی شناخت اوراُنہیں خلیج بنگال کے تھینگر چار نامی جزیرے پر آباد کرنے میں مدد دیں۔کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کیے گئے اور آن لائن پوسٹ کیے گئے ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے: کمیٹی میانمار سے آئے ہوئے رجسٹرڈاورغیررجسٹرڈمہاجرین کو ضلع نواکھلی میں ہاتیہ آئی لینڈ کے قریب تھینگر چار نامی جزیرے پر آباد کرنے میں مدد دے گی۔یہ جزیرہ دریائے میگھنا کے دہانے پر واقع ہے اور اُن کیمپوں سے نو گھنٹے کے فاصلے پر ہے، جہاں ان روہنگیا مہاجرین نے آج کل پناہ لے رکھی ہے۔تقریباً دو لاکھ بتیس ہزار روہنگیا مسلمان پہلے سے بنگلہ دیش میں رہ رہے تھے جبکہ گزشتہ سال اکتوبر سے مزید روہنگیا میانمار کی مغربی ریاست راکھین میں ہونے والی پُر تشدد کارروائیوں سے تنگ آ کر ہمسایہ بنگلہ دیش میں داخل ہونا شروع ہوئے۔راکھین کی سرحد سے قریبی بنگلہ دیشی شہر کوکس بازار ہے، جو ملک کا سب سے بڑا سیاحتی مقام بھی ہے اور جہاں میانمار سے بھاگ کر آنے والے زیادہ تر روہنگیا مسلمان انتہائی خستہ حال کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔بنگلہ دیشی حکام سے میانمار کے ایسے شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے بھی کہا گیا ہے، جو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے ہوں۔ سرکاری فر مان میں، جس پر چھبیس جنوری کی تاریخ درج ہے، کہا گیا ہے، اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ وہ (مہاجرین)ملک کے اندر پھیل نہ جائیں اور مقامی آبادی میں نہ گھُلیں ملیں۔ اس حکم کے مطابق، جو مہاجرین مخصوص علاقوں سے باہرجانے کی کوشش کریں، اُنہیں واپس کیمپوں میں بھیج دیا جائے یا گرفتار کر لیا جائے۔بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کو اس ویران جزیرے پر بسانے کے بارے میں غور و خوض 2015ء سے جاری ہے حالانکہ روہنگیا کمیونٹی کے رہنماؤں اور اقوام متحدہ کی جانب سے بھی ایسے اعتراضات سامنے آ چکے ہیں کہ ابھی یہ جزیرہ انسانوں کی رہائش کے قابل نہیں ہے اور زبردستی ان مہاجرین کو وہاں بسانا بہت ہی پیچیدہ اور متنازعہ عمل ہو گا۔ دیگر ذرائع کے مطابق چھ ہزار ایکٹڑ رقبے پر پھیلا ہوا یہ جزیرہ بحری قزاقوں کی آماجگاہ ہے اور وہاں تک رسائی صرف موسمِ سرما ہی میں ممکن ہوتی ہے۔اگرچہ حکام نے اس جزیرے کو سیلاب وغیرہ سے بچانے کے لیے وہاں شجر کاری کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے تاہم ناقدین کے مطابق اس طرح کے اقدامات سے جزیرے کو محفوظ بنانے میں بھی کم از کم ایک عشرہ لگ جائے گا۔ ایک سرکاری اہلکار نے اپنا نامی مخفی رکھنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ مون سون کے دنوں میں یہ جزیرہ مکمل طور پر زیرِ آب آ جاتا ہے اور انسانوں کو وہاں بسانا ایک خوفناک بات ہو گی۔یہ تجویز ایک ایسے وقت اُبھر کر سامنے آئی ہے، جب اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان کی سربراہی میں ایک سہ رُکنی کمیشن کوکس بازار کے دورے پر ہے۔ مہاجرین نے اس کمیشن کے ارکان کو آبروریزی اورقتل کے واقعات کی ہولناک کہانیاں سنائیں۔پچاس سالہ کمال حسین نے بتایا کہ کیسے فوج نے اُس کے پورے گاؤں کوجلاکر راکھ کر دیا تھا اور اُس کے بھائی کو ہلاک کر دیا تھا، جس کی وجہ سے وہ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ کر بنگلہ دیش آگیا۔ اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے اُس نے کہا:ہم بھی واپس گھر جانا چاہتے ہیں۔ ہم یہاں مہاجر کے طور پر نہیں رہنا چاہتے لیکن ہم یہ یقین دہانی چاہتے ہیں کہ وہاں ہمیں مویشیوں کی طرح ذبح نہیں کر دیا جائے گا۔